ایس ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق کی زیر صدارت ایبٹ آباد بھر میں قائم پرائیوٹ ڈرائیونگ سکولز کے مالکان کے ہمراہ اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ جس میں ڈرائیونگ سکولز کے معیار کو بہتر بنانے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم ہدایات دیں گئیں۔
اجلاس کے دوران ایس ایس پی ٹریفک نے حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام پرائیوٹ ڈرائیونگ سکول مالکان یکم مئی تک اپنے اداروں کو ان نئے ایس او پیز کے مطابق ڈھال لیں، بصورت دیگر مقررہ تاریخ کے بعد خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیونگ سکولز کو سیل کر دیا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئی ایس او پیز کے مطابق:
ہر پرائیوٹ ڈرائیونگ سکول میں جدید ڈرائیونگ سیمولیٹر کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے۔
ہر سکول کی ڈرائیونگ سیکھنے والوں کے لیے گراؤنڈ کا ہونا ضروری ہوگا۔
تربیتی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی موڈیفائیڈ گاڑیوں کے لیے مکمل فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔
خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ علیحدہ کلاس رومز قائم کیے جائیں گے، جہاں مکمل تربیتی سہولیات دستیاب ہوں۔
رش کے اوقات (صبح 7 بجے سے 9 بجے تک اور دن 12:30 بجے سے 3:30 بجے تک) سڑکوں پر ڈرائیونگ کی تربیت دینے پر مکمل پابندی ہوگی۔
ایس ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق نے اس موقع پر کہا کہ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف ڈرائیونگ سیکھنے کے معیار کو بہتر بنانا ہے بلکہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو مزید محفوظ اور منظم بنانا بھی ہے۔ انہوں نے تمام ڈرائیونگ سکول مالکان کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ وقت کے اندر حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

Presence of modern driving simulator made mandatory in private driving schools