عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران مجموعی طور پر 8,441 مریضوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ 9,976 مریضوں کے مختلف لیبارٹری ٹیسٹ انجام دیے گئے۔
عید کی تعطیلات کے دوران 143 بچوں کی پیدائش ہوئی
ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز نے دن رات مریضوں کی خدمت جاری رکھی
ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ عید کے ایام میں خدمات انجام دینے والے تمام فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران بھی مریضوں کو علاج معالجے کی بلا تعطل اور معیاری سہولیات فراہم کی جاتی رہیں۔ ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر معاون عملے نے عید کی خوشیوں کے باوجود اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھاتے ہوئے ہزاروں مریضوں کی خدمت کی۔
ترجمان ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے مطابق عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران مجموعی طور پر 8,441 مریضوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ 9,976 مریضوں کے مختلف لیبارٹری ٹیسٹ انجام دیے گئے اسی عرصے کے دوران فائر آرم انجریز، روڈ ٹریفک حادثات اور دیگر نوعیت کے ٹراما میں مبتلا 630 مریضوں کو ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں فوری اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
ہسپتال کے مختلف شعبہ جات بشمول ایمرجنسی، میڈیکل، سرجیکل، نیوروسرجری، آرتھوپیڈکس، ای این ٹی، شعبہ اطفال، شعبہ زچہ و بچہ، امراض چشم، امراض سینہ، امراض معدہ اور دیگر خصوصی یونٹس پوری طرح فعال رہے اور مریضوں کو چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کرتے رہے۔
عید کی تعطیلات کے دوران مختلف نوعیت کے 164 کامیاب آپریشنز کیے گئے جبکہ 298 مریضوں کے سی ٹی سکین بھی انجام دیے گئے۔ اسی طرح 166 مریضوں کے ڈائلیسز کیے گئے جنہیں ماہر طبی عملے کی نگرانی میں بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔
شعبہ زچہ و بچہ میں عید کی تعطیلات کے دوران 143 بچوں کی پیدائش ہوئی جو ہسپتال میں فراہم کی جانے والی مادر و طفل صحت کی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
صحت سہولت پروگرام کے تحت بھی عوام کو مفت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی جاری رہی جس کے نتیجے میں 1,004 مریضوں کو ہسپتال میں داخل کر کے مفت اور معیاری طبی خدمات مہیا کی گئیں۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام شعبوں میں خصوصی ڈیوٹی روسٹر ترتیب دیا گیا تھا۔تمام ڈپٹی ڈائریکٹر/DMS, ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈکس اور دیگر عملے نے انتہائی جذبۂ خدمت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دیں۔
ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ نے عید کے ایام میں خدمات انجام دینے والے تمام فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوام کو ہر موقع پر بروقت معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا رہے گا۔
Frontline health workers at Ayub Teaching Hospital maintain their spirit of public service even on Eid-ul-Adha
ایوب ٹیچنگ ہسپتال، ایبٹ آباد، عیدالاضحیٰ، ہیلتھ ورکرز، ڈاکٹرز، نرسز، طبی خدمات، پاکستان ہیلتھ نیوز