اسلام آباد : یورپی ممالک جانے کی کوشش میں کشتیوں کے حادثات میں 335 پاکستانیوں کو سمندر نگل گیا۔
ایف آئی اے دستاویزات کے مطابق جون 2023 سے اب تک 7 مہلک کشتی حادثات رپورٹ ہوئے، اتنی بڑی تعداد میں جانی نقصان کے باوجود غیر قانونی طریقوں سے یورپ جانے کی کوششوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک بھی لوگوں کو خطرناک سفر پر آمادہ کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کشتی حادثات میں ہونے والی ہلاکتیں ڈنکی کے خطرناک راستوں کے حوالے سے ایک بار پھر بڑا سوال کھڑا کر رہی ہیں، جون 2023 میں یونان جاتے ہوئے کشتی حادثے میں 226 پاکستانی سوار تھے، جن میں 207جاں بحق جبکہ 19زندہ بچ گئے تھے۔
دسمبر 2024 میں یونان جاتے ہوئے ایک اور کشتی حادثے کا شکار ہوئی، جس میں 69 پاکستانی سوار تھے، اس حادثے میں 25 پاکستانی جاں بحق جبکہ 44 زندہ بچالیے گئے۔
دستاویزات کے مطابق مراکش کے قریب جنوری 2025 میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں 70 پاکستانی سوار تھے، فروری 2025 میں لیبیا میں کشتی حادثے میں 40 پاکستانیوں کی شناخت ہوئی جن میں 23 جاں بحق جبکہ 13زندہ بچ گئے۔
ایف آئی اے دستاویزات میں بتایاگیاکہ 2025 اور 2026کے دوران لیبیا سے ڈنکی لگاتے ہوئے کشتی ڈوبنے کے 4بڑے حادثات رپورٹ ہوئے، فروری، اپریل اور اکتوبر 2025 جبکہ اپریل 2026 میں پیش آنے والے ان حادثات میں 102 پاکستانی متاثر ہوئے، جن میں 71 جاں بحق جبکہ 30 زندہ بچ گئے۔
ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں جانی نقصان کے باوجود غیر قانونی طریقوں سے یورپ جانے کی کوششوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک بھی لوگوں کو خطرناک سفر پر آمادہ کر رہے ہیں۔
335 Pakistanis have perished at sea over the past four years