ایبٹ آباد : نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی ایبٹ آباد کے زیر اہتمام وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر سائبر جرائم سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور ریلی نکالی گئی، جس میں محکمہ کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الوہاب نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی سید علی ناصر نقوی کی ہدایات پر سائبر جرائم کے خلاف آگاہی مہم شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو آن لائن جرائم سے محفوظ رکھنے اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت کا بنیادی مقصد مظلوم کی آواز بننا اور اس کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہے، تاہم کسی کو ذاتی طور پر ہدف بنا کر جھوٹی معلومات پھیلانا جرم ہے۔ سوشل میڈیا پر کردار کشی، ہراسمنٹ، بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی سے متعلق جرائم اور آن لائن بدعنوانیوں جیسے واقعات تشویش ناک ہیں۔ ریاست کے خلاف غیر قانونی پروپیگنڈے سمیت سائبر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔ایسے متعدد مقدمات درج کرکے ملزمان کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الوہاب نے کہا کہ شہریوں میں سائبر قوانین اور آن لائن جرائم سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے میڈیا کے ساتھ خصوصی رابطہ اور تعاون کو فروغ دیا جائے گا تاکہ عوام کو بروقت معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مثبت استعمال کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر صدر ایبٹ آباد پریس کلب سردار نوید عالم اور صدر ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس عاطف قیوم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافی کا بنیادی فریضہ مظلوم کی آواز کو ایوانوں تک پہنچانا اور معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔موجودہ حالات میں سوشل میڈیا استعمال کرنے والے پیشہ ور صحافیوں اور عام صارفین کے کردار اور ذمہ داریوں میں فرق کو ملحوظ خاطر رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کے اہلکار یونیفارم میں جبکہ صحافی بغیر کسی وردی کے عوام کی خدمت کرتے ہیں، تاہم دونوں کا مقصد معاشرے کی بہتری اور عوامی مسائل کا حل ہونا چاہیے۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سرکاری اداروں اور صحافتی تنظیموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے سائبر جرائم کی روک تھام، عوامی شعور کی بیداری اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔بعد ازیں ایبٹ آباد پریس کلب سے شاہین چوک تک سائبر کرائمز سے متعلق آگاہی ریلی نکالی گئی۔شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سائبر قوانین اور آن لائن سرگرمیوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق پیغامات درج تھے۔ ریلی کے ذریعے شہریوں کو سائبر جرائم سے بچاؤ اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی ترغیب دی گئی

Cybercrimes, online misconduct, harassment, and false propaganda are intolerable

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *