ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں نرسنگ ڈے کی پروقار تقریب
مریضوں کی بہترین نگہداشت کے عزم کا اعادہ
کسی بھی ادارے کی کامیابی میں ٹیم ورک بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور صحت کے شعبے میں یہ اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔چیئرمین بی اوجی پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل
تفصیلات کے مطابق ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں نرسنگ ڈے کی ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نرسنگ شعبے سے وابستہ بڑی تعداد میں نرسز، طبی ماہرین اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل تھے جبکہ تقریب کی میزبانی نرسنگ ڈائریکٹر مہتاب سکندر اور ان کی ٹیم نے انتہائی احسن انداز میں انجام دی۔
تقریب میں ڈین و سی ای او پروفیسر ڈاکٹر عرفان الدین خٹک، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد احمد آفریدی، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران خان، فنانس ڈائریکٹر الطاف خٹک، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
اپنے خطاب میں چیئرمین بی او جی پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے کہا کہ نرسنگ کمیونٹی مریضوں کی دیکھ بھال میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے نرسز کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اخلاقی اور قانونی فہم مؤثر رابطہ کاری کی مہارت (Communication Skills) اور طبی مہارت و علم کو معیاری نرسنگ کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے شرکاء سے پیشہ ورانہ رویوں، ساتھ کام کرنے والے اسٹاف اور مریضوں کے ساتھ مثبت تعلقات، پیشہ ورانہ لباس، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال، مریضوں کی رازداری اور معلومات کے تحفظ جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
چیئرمین بی او جی نے شرکاء سے یہ سوال بھی کیا کہ ان کی رائے میں نرسز میں غیر پیشہ ورانہ رویوں کی وجوہات کیا ہیں جس پر شرکاء نے کھل کر اظہارِ خیال کیا اور مختلف تجاویز پیش کیں۔
تقریب کے دوران سینیئر مینیجر ایچ ار محمد یونس نے بھی کوڈ آف کنڈکٹ کے حوالے سے تفصیلی لیکچر دیا.
نرسنگ ڈائریکٹر مہتاب سکندر نے اپنے خطاب میں نرسنگ اسٹاف کی شب و روز خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نرسز نہ صرف مریضوں کی دیکھ بھال میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں بلکہ ہسپتال کے مجموعی نظام کو مؤثر بنانے میں بھی اہم حصہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے نرسنگ اسٹاف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری اور مسلسل تربیت کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نرسنگ اسٹاف، آرگنائزرز اور دیگر نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مریضوں کو بہترین، محفوظ اور معیاری طبی نگہداشت کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات مزید جذبے اور لگن سے انجام دیتے رہیں گے
Dignified Nursing Day ceremony at Ayub Teaching Hospital Reiteration of the commitment to providing excellent patient care