فیکلٹی ممبران کے بچوں کی بہتر نگہداشت کے لیے ایوب میڈیکل کالج میں دو ڈے کئیر سنٹرز قائم
ادارے میں فیکلٹی اور ملازمین کو بہتر اور سازگار ماحول کی فراہمی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔چیئرمین بی او جی پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل
ڈے کئیر سنٹرز کے قیام سے بالخصوص اُن فیکلٹی ممبران کو سہولت میسر آئے گی جو اپنے کم عمر بچوں کی دیکھ بھال کے باعث دفتری و تدریسی امور انجام دینے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔چیئرمین بی او جی پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل
تفصیلات کے مطابق بورڈ آف گورنرز ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے اسٹوڈنٹ ٹیچر سنٹر میں ایوب میڈیکل کالج کے فیکلٹی ممبران کے بچوں کے لیے قائم کیے گئے دو ڈے کئیر سنٹرز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر بی او جی ممبر عثمان علی شیر سمیت ادارے کے ایگزیکٹوز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
فیکلٹی ممبران کی سہولت اور ان کے بچوں کی بہتر نگہداشت کو مدِنظر رکھتے ہوئے دو ڈے کئیر سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں بچوں کی نگرانی کے لیے تربیت یافتہ عملہ، مناسب سیکیورٹی انتظامات اور بچوں کی تفریح و مصروفیت کے لیے مختلف سہولیات اور سامان دستیاب ہوگا۔
اس موقع پر چیئرمین بی او جی پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے ڈے کئیر سنٹرز کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں موجود سہولیات کا جائزہ لیا۔ متعلقہ حکام کی جانب سے انہیں ڈے کئیر سنٹرز کے انتظامات، بچوں کی نگہداشت، سیکیورٹی اور دیگر سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے کہا کہ ڈے کئیر سنٹرز کے قیام سے بالخصوص اُن فیکلٹی ممبران کو سہولت میسر آئے گی جو اپنے کم عمر بچوں کی دیکھ بھال کے باعث دفتری و تدریسی امور انجام دینے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے محفوظ صاف ستھرا اور دوستانہ ماحول فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ والدین اطمینان کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔ ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن میں فیکلٹی اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات بھی جاری رکھے جائیں گے
day-care centers established for the children of Ayub Medical College faculty members.