مانسہرہ: تھانہ لاری اڈہ کی حدود محلہ شیر خان، کرکالہ میں رشتہ کے تنازعہ پر پیش آنے والے افسوسناک فائرنگ کے واقعہ کے بعد ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کی ہدایت پر ایس پی سٹی شاہنواز خان فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے، موقع کا معائنہ کیا اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے غم میں برابر کا شریک ہونے کا اظہار کیا۔
ایس پی سٹی شاہنواز خان نے لواحقین کو یقین دہانی کروائی کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور مظلوم خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ لاری اڈہ کی حدود میں رشتہ کے تنازعہ پر فائرنگ کے نتیجے میں تین سگے بھائی محمد نذیر، کثیر اور گل نواز ولد حیات خان جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق ندیم ولد حیات گل قوم کسان خیل کوہستانی نے پولیس کو بتایا کہ اس کی منگنی تقریباً 6/7 سال قبل علاقائی رسم و رواج کے مطابق مسمات (ع) سے ہوئی تھی۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے عبدالرزاق، نسیم وغیرہ کی جانب سے اسے اور اس کے خاندان کو منگنی ختم کرنے کے لیے دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔
مدعی کے مطابق وقوعہ کے روز ولید، شبیر، نسیم، شمس القمر، سلیم اللہ سمیت دیگر ملزمان اسلحہ سے مسلح ہوکر گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی، جس سے اس کے تین بھائی جاں بحق جبکہ بھتیجا زخمی ہوگیا۔ ملزمان موقع پر اپنی گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے مدعی کی رپورٹ پر تھانہ لاری اڈہ میں مقدمہ علت نمبر 756 زیر دفعات 302/324/452/148/149/109 تعزیرات پاکستان درج کرلیا ہے، جبکہ مقدمہ میں خواتین سمیت کل 11 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
Three brothers killed in Mansehra shooting over marital dispute