ایبٹ آباد: خیبر پختونخوا حکومت کی ہدایت پر ایبٹ آباد میں خانہ کاشت اراضی اور رقبہ جات کو خانہ ملکیت میں منتقل کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے۔سیریل کے مطابق ایبٹ آباد میں 12 ہزار نمبرز خانہ کاشت میں ہیں جس میں 15 سو خانہ ملکیت میں انتقال کرکے منتقل کئے جا چکے ہیں۔کمشنر ہزارہ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کی سرپرستی اور سخت ہدایات پر ایبٹ آباد کے ہر پٹواری حلقہ کو پابند بنایا گیا ہے وہ ہفتہ میں چار نمبرز (کھاتہ جات ) کو خانہ ملکیت میں منتقل کرکے رپورٹ جمع کریں اس حوالے سے کسی بھی غفلت اور مالی معاملات کرنے پر متعلقہ گرداور اور پٹواری کے خلاف کارروائی ہوگی۔خانہ کاشت اراضی کو ملکیت میں منتقل کرنے کے لئے متاثرہ مالکان بھی تحصیلدار آفس سے رجوع کر سکتے ہیں ۔میڈیا اور اسٹیک ہولڈر اس کار خیر کے کام میں بھرپور ساتھ دیں ۔ان خیالات کا اظہار خانہ کاشت رقبہ جات کو خانہ ملکیت میں منتقل کرنے کے ضلع کی چاروں تحصیلوں ایبٹ آباد ،لورہ ،لوہر تناول اور حویلیاں کے ضلعی انتظامیہ کے فوکل پرسن تحصیلدار ایبٹ آباد چوہدری محمد اعجاز نے جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے زمہ دار اور پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن ایبٹ آباد کے سرپرست امجد خان جدون کی سربراہی میں ملنے والے وفد صدر قاضی محمد شفیق ،موسی خان ،اعجاز خان اور وسیم خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے ۔تحصیل دار چوہدری محمد اعجاز کا کہنا تھا ایبٹ آباد میں خانہ کاشت کا دیرینہ مسئلہ تھا جس کی وجہ سے تنازعات بھی جنم لیتے رہے ہیں۔ہائیکورٹ اور بورڈ آف ریونیو نے2015 میں خانہ کاشت رقبہ کے انتقالات پر پابندی لگائی تھی اور 2019 کے بعد کوئی انتقالات نہیں ہوئے تھے ۔انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے خانہ ملکیت میں منتقل کرنے کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر بڑی جانفشانی سے اس معاملے کو آگے لے کر گئے ہیں اور ہفتہ کی بنیاد پر ہر حلقہ پٹوار کو چار نمبرز (کھاتہ) خانہ ملکیت میں منتقل کرنے کے احکامات ہیں اور اہداف پر باقاعدہ ریویو کیا جاتا ہے ۔ جس میں کوئی من پسند ترجیحات نہیں ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ جمعبندی کے مطابق جہاں کوئی پیچیدگی نہیں ہے ان رقبہ جات اور اراضی کو منتقل کیا جارہا ہے تاکہ خریدار کے نام پر انتقال ہو سکے۔انہوں نے میڈیا اور اسٹیک ہولڈرز سے درخواست کی ہے وہ اس معاملے کو صدقہ سمجھ کر ساتھ دیں تاکہ ایک دیرینہ مسئلہ کو مل کر حل کیا جاسکے اور اس حوالے سے جس اراضی میں کوئی پیچیدگی نہیں ہے وہ اپنی درخواست بنام فوکل پرسن تحصیلدار ایبٹ آباد کے نام پر لکھ کر لائیں جس کی دو کاپیاں بنائیں اور متاثرہ فرد کے پاس رہے گی اور درخواست کے مطابق مرحلہ وار اس کو حل کیا جائے گا۔انہوں نے اس بات ر زور دیا ہے کہ تحصیلدار آفس کی جانب سے کسی سے کوئی ڈیمانڈ نہیں ہے اور کسی کو کوئی جرات نہیں ہوگی ۔اگر کسی کوکوئی شکایت ہوتو اس کی ضرور نشاندہی کریں فوری ایکشن لیا جائے گا۔پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے تحصیلدار ایبٹ آباد فوکل پرسن خانہ کاشت چوہدری محمد اعجاز اور ضلعی افسران کی جانب سے ٹھوس اقدامات کو سراہا ہے اور عوام میں آگاہی بیدار کرنے کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
Khyber Pakhtunkhwa government, work is underway to transfer farm land and areas to farm ownership in Abbottabad.