خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں سیلاب میں جاں بحق افراد کےورثاء کو 7 کروڑ 20 لاکھ روپے معاوضہ ادا کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر شانگلہ محمد فواد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شانگلہ میں 36 جاں بحق افراد کےورثاء کو 7 کروڑ 20 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ 28 زخمیوں کو 1 کروڑ 40 لاکھ روپے جبکہ 3 دکانداروں کو فی کس 5 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر شانگلہ کے مطابق 20 مکمل تباہ مکان کے مالکان کو فی کس 10 لاکھ روپے دیے گئے جبکہ 220 جزوی متاثرہ گھروں میں سے 12 کو فی کس 3 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 150 گھروں کا سروے مکمل کیا گیا ۔
واضح رہے کہ سوات کے علاقے شانگلہ میں سیلابی ریلے سے گاؤں شائی درہ مکمل تباہ ہوگیا تھا۔
جیو نیوز کے مطابق سیلاب کے راستے میں آنے والے گاؤں شائی درہ میں مکانات، مارکیٹ اور لڑکیوں کا واحد پرائمری اسکول بھی سیلاب کی نذر ہوگیا جب کہ رابطہ سڑک تباہ ہونے سے امدادی سامان بھی نہیں پہنچ سکا۔
اس حوالے سے مقامی لوگوں کو کہنا تھا کہ سیلاب کو 10 روزگزرنے کے باوجود زاہد آباد کے کئی مکانات اور گلیاں اب تک صاف نہیں کی جاسکیں، حکومتی ادارے اور مقامی رضاکار صفائی میں مصروف ہیں۔
More than Rs 70 million compensation paid to flood victims in Shangla